میٹرک نتائج پر 93 طلبہ کیلئے قائداعظم سکالرشپ منظور
ملتان (خصوصی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کی بنیاد پر 93 مستحق طلبہ و طالبات کو قائداعظم اسکالرشپ دینے کی منظوری دے دی ہے ۔
یہ اسکالرشپ ان طلبہ کو دی جائے گی جنہوں نے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ قوانین کے مطابق اہلیت حاصل کی۔منظور شدہ فہرست کے مطابق 84 طلبہ و طالبات کا تعلق سائنس گروپ جبکہ 9 کا آرٹس گروپ سے ہے ۔ سیکرٹری بی آئی ایس ای ملتان کے دفتر سے جاری سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ منتخب طلبہ کا تعلق مختلف اضلاع کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سے ہے ۔ کامیاب امیدواروں کے نام، رول نمبر اور اداروں کی تفصیلات بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں۔سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے کہا کہ قائداعظم اسکالرشپ کا مقصد تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں مزید تعلیم کیلئے مالی معاونت فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ضروری دستاویزات مکمل کرکے مقررہ تاریخوں میں دفتر سے رابطہ کریں۔