آٹھویں بورڈ امتحان کیلئے پیکٹا کو گرانٹ تاحال جاری نہیں
ملتان (خصوصی رپورٹر) آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحان کیلئے پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پیکٹا) کو تاحال حکومتی گرانٹ جاری نہ ہو سکی، جس کے باعث مالی امور میں تعطل پیدا ہوگیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پیکٹا نے سالانہ بورڈ امتحان کے انعقاد کیلئے حکومت سے 90 ملین روپے فنڈز طلب کیے تھے ، جو امتحانی اخراجات، پرنٹنگ، پیکنگ اور دیگر انتظامی امور پر خرچ ہونا تھے ، تاہم مذکورہ فنڈز ابھی تک جاری نہیں کیے گئے ۔فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث پیکٹا نے پبلشرز کی ادائیگیاں روک دی ہیں۔ پبلشرز کو مجموعی واجبات کا صرف 40 فیصد ادا کیا گیا ہے جبکہ 60 فیصد سے زائد ادائیگیاں تاحال بقایا ہیں۔ اس صورتحال کے باعث امتحانی پرچوں کی تیاری اور ترسیل کے معاملات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ پیکٹا کے زیر انتظام آٹھویں جماعت کا بورڈ امتحان 9 مارچ سے شروع ہونا ہے ۔ امتحان کی تاریخ قریب آنے پر پبلشرز اور متعلقہ حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ بقایاجات کی ادائیگی امتحانات کے بعد کی جائے گی جس سے انتظامی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔