سرکاری سکولوں میں ڈسٹنس اور آڈیو ویژول لرننگ متعارف
طلبہ کی جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر تعلیم، اساتذہ کی تربیت بھی شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر) تعلیمی معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کو جدید انداز میں تعلیم فراہم کرنے کے لئے صوبے کے سرکاری سکولوں میں ڈسٹنس لرننگ اور آڈیو ویژول لرننگ متعارف کرا دی گئی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ڈسٹنس لرننگ کے نظام کے تحت طلبہ کو آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع سے تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ کلاس روم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیمی وسائل سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ اس پروگرام کے تحت مختلف مضامین کی تدریس ویڈیوز، پریذنٹیشنز اور دیگر ڈیجیٹل مواد کے ذریعے کی جائے گی۔اسی طرح آڈیو ویژول لرننگ کے تحت سکولوں میں جدید تدریسی طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے جس میں پروجیکٹر، تعلیمی ویڈیوز، ڈیجیٹل لیکچرز اور دیگر بصری و سمعی ذرائع استعمال کئے جائیں گے ۔ اس طریقہ کار سے طلبہ کو مشکل مضامین کو سمجھنے میں آسانی ہوگی اور تعلیم میں ان کی دلچسپی بھی بڑھے گی۔تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ آڈیو ویژول طریقہ تدریس کے ذریعے طلبہ کو عملی مثالوں اور بصری انداز میں مضامین سمجھائے جائیں گے جس سے سیکھنے کا عمل مزید مؤثر اور دلچسپ بن جائے گا۔ اس کے ساتھ اساتذہ کو جدید تدریسی تکنیکوں سے روشناس کرانے کے لئے تربیتی پروگرام بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ماہرین تعلیم کے مطابق ڈسٹنس لرننگ اور آڈیو ویژول لرننگ کے آغاز سے تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلی آئے گی اور طلبہ کو جدید اور عالمی معیار کی تعلیم کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔