ملتان میں کپاس کی پیداواری مہم پر اہم کسان کنونشن

ملتان میں کپاس کی پیداواری مہم پر اہم کسان کنونشن

زرعی ترقی ، کاشتکاروں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح، افتخار سہو

ملتان (وقائع نگار خصوصی)محکمہ زراعت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کے اشتراک سے کپاس کی پیداواری مہم کے سلسلے میں زرعی یونیورسٹی ملتان میں ایک اہم کسان کنونشن منعقد ہوا۔ تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ کاشتکاروں اور زرعی شعبے سے وابستہ دیگر سٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنونشن میں سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مکسی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز شریف، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ماہرین نے کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، بیماریوں کے تدارک اور زیادہ پیداوار کے حصول کے طریقے بتائے ۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس ملکی معیشت کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے ، اس لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 7 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جسے ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز میں حاصل کیا جائے گا۔افتخار علی سہو نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں کاٹن ویلی بنانے کے لیے قریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے خصوصی پروگرام جاری ہے ، جبکہ خریف کی فصل کے لیے ڈی اے پی اور یوریا کھاد کا وافر اسٹاک دستیاب ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں