ضلع میں پٹرول یا ڈیزل کی کوئی قلت نہیں :نثار گجر
تمام پمپوں پر کھلے پٹرول ڈیزل کی فروخت بند کردی گئی : پریس کلب
رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پٹرولیم ایسوسی ایشن پاکستان کے مینجمنٹ ممبر ڈائریکٹر ایس ای سی پی اور پاکستان پٹرولیم ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے سینئر نائب صدر چوہدری نثار احمد گجر نے عہدیداران سہیل اقبال، ملک صفدر، ملک نثار، محمد شاہد، ملک محمد صدیق، چوہدری حسن ستار، طالب گجر اور دیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پٹرول یا ڈیزل کی کوئی قلت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا عالمی سطح پر پیدا صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، جو حکومت کا فیصلہ ہے ، لیکن پی ایس او پمپوں پر عوام روٹین کے مطابق پٹرول اور ڈیزل خرید سکتے ہیں۔ تمام پمپوں پر کھلے پٹرول ڈیزل کی فروخت بند کردی گئی ہے ، جس میں عوام کو پمپ انتظامیہ کا تعاون کرنا ہوگا۔چوہدری نثار احمد گجر نے پمپ مالکان اور عوام پر زور دیا کہ کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں اور براہِ راست پمپ انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے پاکستان اسٹیٹ آئل کے افسران اور پاکستان پٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداران کو بھی پمپوں کی فراہمی یقینی بنانے اور ممبران کے حقوق کے تحفظ پر خراج تحسین پیش کیا۔