ایران پر امریکی و اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی

ایران پر امریکی و اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی

کارروائی بلا جواز ، عالمی اداروں کی رپورٹس بھی واضح :چودھری نذیر احمد آرائیں

گگو منڈی (نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق ایم این اے و صوبائی وزیر چودھری نذیر احمد آرائیں نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر بلا جواز حملہ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اقوام متحدہ اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی رپورٹس کے برعکس کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کی خواہش پر ایران کو نشانہ بنایا گیا جس سے نہ صرف امریکی مفادات بلکہ امریکی شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔اراکین پریس کلب گگو منڈی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کے بعد امریکہ میں بھی اس فیصلے پر تشویش پائی جا رہی ہے اور متعدد امریکی سینیٹرز اور ذمہ دار شخصیات اس جنگ سے مطمئن نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ جنگ طول پکڑتی ہے تو امریکی عوام کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید احتجاج بھی سامنے آ سکتا ہے ۔چودھری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی رپورٹ پہلے ہی واضح کر چکی تھی کہ ایران ایٹم بم تیار نہیں کر رہا، اس کے باوجود حملہ عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا فیک نیوز پھیلا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اور یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ایران کے بعد پاکستان کی باری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ایٹمی طاقت ہے جو خطے میں امن چاہتا ہے ، تاہم ملکی سالمیت اور عوام کے مفاد کے تحفظ کے لیے پاکستان کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں