گرانفروشی روکنے کیلئے پرائس کنٹرول کی کارروائیاں جاری

گرانفروشی روکنے کیلئے پرائس کنٹرول کی کارروائیاں جاری

دکانیں سیل، جرمانے اور حراست کے ذریعے نرخوں کی نگرانی کو یقینی بنایا گیا

 رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر میں گرانفروشی اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع کی مختلف بازاروں اور مارکیٹس کا دورہ کیا اور مجموعی طور پر 3 ہزار 336 انسپکشنز کیں۔ دورانِ چیکنگ گرانفروشی، ناپ تول میں کمی، نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو مجموعی طور پر 96 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں کے کیسز میں 3 دکانیں سیل اور 10 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی یا دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ شہری مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی سہولت اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قیمت پر عوام کو مہنگائی یا غیر معیاری اشیاء کے ہاتھ نہ آنے دی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں