ایف آئی اے کی کارروائی، بہاولپور سے دو انسانی سمگلر گرفتار
روزگار ویزوں کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے کاالزام
بہاولپور (سٹی رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے بہاولپور سے دو انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران ملزمان محمد ندیم اور عمر فاروق ولد محمد صدیق کو مقدمات نمبر 96/2026 اور 97/2026 کے تحت گرفتار کیا۔ مقدمات 25 فروری 2026 کو امیگریشن آرڈیننس کی دفعہ 22/B کے تحت درج کیے گئے تھے ۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں کو مختلف ممالک میں روزگار دلانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کیں۔ شکایت کنندگان سے تقریباً 75 لاکھ روپے لیے گئے جبکہ ایک لاکھ روپے بطور بھتہ بھی وصول کیا گیا، تاہم ملزمان نہ تو انہیں بیرون ملک بھجوا سکے اور نہ ہی رقم واپس کی۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ کارروائی میں محمد شیراز، ایس آئی محمد بلال ہائی کورٹ اور محمد شاہد ایس سی ڈی شامل تھے ۔