پی پی رہنمائوں کا ایران، امریکہ اسرائیلی کشیدگی پر اظہارتشویش
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں بدامنی عالمی امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے اور اس وقت پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دی ہے اور موجودہ حالات میں بھی حکومت پاکستان کی امن کی کوششیں اور کشیدگی ختم کرنے کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایسے مذاکرات اور سفارتی روابط ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتے ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کی بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کسی بھی بڑی جنگ کے اثرات پوری دنیا بالخصوص ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان پر پڑ سکتے ہیں ۔آخر میں رہنمائوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خطے کو امن و استحکام عطا فرمائے اور دنیا کو جنگوں کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھے ۔ انہوں نے سینیٹر شیری رحمن کی صاحبزادی کی وفات پر تعزیت بھی کی اور لواحقین کے لیے صبر و شکیبہ اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔