مظفر گڑھ میں کاشتکاروں کو سبسڈی کی فراہمی شروع
کسان کارڈ رکھنے والے کاشتکاروں کو الگ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں:طاہر محمود
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب سستا ڈیزل سبسڈی پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو فی ایکڑ 1500 روپے سبسڈی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے موضع بھٹہ پور میں محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں کاشتکاروں نے رجسٹریشن کروائی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع طاہر محمود بھٹی نے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس پروگرام کے تحت 23 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے جس سے 40 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سے 25 ایکڑ تک کے رقبے کے مالک کسان اس پروگرام کے اہل ہیں۔ کاشتکار ہیلپ لائن 1000 پر کال یا ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ کسان کارڈ رکھنے والے کاشتکاروں کو الگ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں، رقم براہ راست کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ کیمپ میں دیگر زرعی افسران نے بھی رہنمائی کی۔