پانی کے مؤثر استعمال میں خواتین کا کردار اہم،فیصل شوکت
پانی کی کمی میں اضافہ، خواتین کو گھریلو ضروریات میں مشکلات درپیش
ملتان (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے ورلڈ واٹر اینڈ جینڈر ویک 2026 کے حوالے سے کہا ہے کہ پانی کا مؤثر استعمال اور خواتین کا کردار موجودہ دور کے اہم تقاضوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد پانی کے بحران اور صنفی مساوات جیسے اہم مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن، فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے منعقدہ یہ تقریب پانی اور جینڈر کے باہمی تعلق کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی دستیابی مسلسل کم ہو رہی ہے ، جس کے باعث خواتین کو گھریلو اور زرعی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین نہ صرف متاثرہ طبقہ ہیں بلکہ پانی کے بہتر انتظام میں کلیدی کردار بھی ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا ملتان شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور ایسے پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی سفارشات کو مقامی سطح پر نافذ کیا جائے گا۔فیصل شوکت کے مطابق ملتان میں تقریباً 1500 کلومیٹر طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور 84 ٹیوب ویلوں کے ذریعے روزانہ تین مرتبہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔