بلوں پر فکس ٹیکس ،نرخوں میں اضافہ مسترد،خواجہ سلیمان

بلوں پر فکس ٹیکس ،نرخوں میں اضافہ مسترد،خواجہ سلیمان

وقفے وقفے سے منی بجٹ کے نفاذ سے مشکلات میں اضافہ ہورہا ،بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی سمیت تاجر رہنماؤں نے بجلی کے بلوں پر 600 روپے فکس ٹیکس اور نرخوں میں بار بار اضافے کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔مختلف تاجر رہنماؤں میں مرزا نعیم بیگ، رانا محمد اویس علی، محمد سرفراز ہاشمی، شیخ پرویز اختر، محمد رحیل اصغر ہاشمی، حسن شاہ، سید سہیل بخاری اور خواجہ انیس الرحمن صدیقی شامل ہیں، جنہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ایماء پر کئے گئے فیصلے غریب عوام اور چھوٹے تاجروں پر ظلم کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب بجلی کے بلوں پر فکس ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے ، جس سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی عوام اور تاجر برادری مختلف ٹیکسز ادا کر رہی ہے۔

 جبکہ وقفے وقفے سے منی بجٹ نافذ کر کے مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور چھوٹے دکاندار شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی اخراجات اور پروٹوکول میں کمی لائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔انہوں نے زور دیا کہ بجلی کے بلوں پر عائد فکس ٹیکس اور اضافے کو فوری واپس لیا جائے اور عوام دوست پالیسیاں اپنائی جائیں۔ تاجر تنظیموں نے اعلان کیا کہ وہ تاجر برادری اور عوام کے حقوق کے لئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں