شہراولیاء آرائشی منصوبہ نگانہ چوک یادگار کی تعمیر مکمل
شہرکی شناخت مزید نکھارنے کیلئے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ، کمشنر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے شہر اولیاء میں بیوٹیفکیشن اور یادگاروں کی تعمیر کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ بیوٹیفکیشن ویژن کے تحت نگانہ چوک پر خوبصورت یادگار کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔کمشنر عامر کریم خان نے نگانہ چوک پر شہر کی گیارہویں یادگار کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کے 10 اہم چوکوں پر یادگاریں تعمیر کی جا چکی ہیں اور شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر اولیاء کی شناخت کو مزید نکھارنے کے لئے ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں جبکہ یادگاروں سمیت مختلف مقامات پر خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ سکیپنگ کا کام بھی جاری ہے ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ملتان ایونیو کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جو مکمل ہونے کے بعد ایک جدید، سٹیٹ آف دی آرٹ روڈ کے طور پر شہریوں کے لئے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگی۔