جنگ رکوانے میں پاکستان کا کردار شاندار،حنیف جالندھری

 جنگ رکوانے میں پاکستان کا کردار شاندار،حنیف جالندھری

عالمی سطح پر پاکستان کے وقار، ساکھ اور اہمیت میں اضافہ ہوگا، میڈیا بیان

ملتان (کرائم رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی کے خاتمے اور ممکنہ جنگ کو رکوانے میں پاکستان کے مثبت اور مؤثر کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ پاکستان نے جس حکمت، بصیرت اور دور اندیشی کے ساتھ اس نازک صورتحال میں کردار ادا کیا، وہ قابلِ تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف یہ کہ ایک بڑی تباہ کن جنگ کے خطرات کو ٹالا گیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار، ساکھ اور اہمیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستان کی قیادت نے ثابت کیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام اور استحکام کے لئے سنجیدہ اور مخلص ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا یہ کردار عالمِ اسلام اور عالمی برادری کے لئے ایک مثبت مثال ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات، حکمت اور بردباری میں ہے ۔ اس اہم پیش رفت پر ملکی قیادت اور متعلقہ ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر عزت و وقار عطا فرمائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں