پنجاب بھر کے کالجز میں خالی آسامیوں کا ریکارڈ فوری طلب
گریڈ 1 تا 16 تمام خالی آسامیوں کی تفصیلات جلد فراہم کرنے کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (کالجز)پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری کالجز میں خالی آسامیوں کا مکمل ریکارڈ فوری طلب کر لیا ہے ۔ اس حوالے سے جاری ہنگامی مراسلے میں تمام ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گریڈ 1 سے 16 تک کی خالی آسامیوں کا تازہ ترین ڈیٹا مقررہ وقت میں فراہم کریں۔مراسلے کے مطابق یہ اقدام محکمہ خزانہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں کیا گیا ہے ، جس کے تحت صوبہ بھر میں سرکاری ملازمین کی خالی آسامیوں کا جامع ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے ۔ یکم جولائی 2024 سے قبل تخلیق ہونے والی اور تاحال خالی تمام آسامیوں کی تفصیلات دینا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام معلومات مکمل درستگی کے ساتھ فراہم کی جائیں، کسی بھی تاخیر یا غلط معلومات پر متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ اس مقصد کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر (اسٹیبلشمنٹ اینڈ جنرل)ڈاکٹر خرم شہزاد کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ، جنہیں ڈیٹا سافٹ کاپی کی صورت میں بھجوانا ہوگا۔تعلیمی حلقوں کے مطابق اس اقدام سے خالی آسامیوں کی درست نشاندہی ممکن ہوگی اور بھرتیوں کے عمل میں تیزی آ کر تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی دور کی جا سکے گی۔