جنگل کے رقبہ پر قبضہ کی کو شش‘ فاریسٹ گارڈز پر حملہ
درختوں کی کٹائی، موبائل اور نقدی چھیننے کا الزام، پولیس کی تفتیش جاری
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ محمود کوٹ کے علاقہ موضع گرمانی شرقی و موضع عیسن والہ میں جنگل کے سرکاری رقبے پر مبینہ قبضہ کی کوشش، درختوں کی کٹائی اور فاریسٹ گارڈز پر حملے کا واقعہ پیش آیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق فاریسٹ گارڈ محمد اشفاق نے درخواست دی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر کھیت نمبر 1اور 8میں موجود تھا کہ اس دوران ملزموں نے شیشم کا قیمتی درخت کاٹ لیا جبکہ سفیدے کے درخت بھی چوری کر لیے گئے اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کی گئی۔درخواست میں بتایا گیا کہ ملزموں نے مزاحمت کرنے پر گالم گلوچ، دھمکیاں اور دھکے دئیے جبکہ بلاک آفیسر اور دیگر فاریسٹ عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزموں نے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے جنگل کے رقبہ پر ہل چلا کر قبضہ کی کوشش کی اور روکنے پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر دیا، اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایک موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی جبکہ فاریسٹ گارڈ کو مبینہ طور پر یرغمال بنا کر قریبی کوٹھی میں بند کرنے کی بھی اطلاع ملی۔ملزم موقع سے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔