ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122کی تیاریاں مکمل
ڈرائی موک ایکسرسائز، مختلف محکموں کی شرکت، آلات اور مشینری کا جائزہ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122نے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں۔ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم کی زیر نگرانی کبیروالا ریسکیو سٹیشن پر ڈرائی موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اداروں نے حصہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس نے ڈاکٹر اعجاز انجم کے ہمراہ ایکسرسائز کا جائزہ لیا اور سیلاب کے دوران استعمال ہونے والے آلات اور مشینری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ لائف سٹاک، واسا اور محکمہ انہار کے عملے نے عملی مظاہرہ پیش کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مشق کا مقصد ممکنہ سیلاب کے دوران بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر اعجاز انجم نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر رسپانس ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے ۔ ایکسرسائز کے دوران تمام دستیاب وسائل اور مشینری کی نمائش بھی کی گئی۔