مسلح افراد کا بیوہ کی اراضی پر قبضہ‘توڑ پھوڑ‘ لاکھوں کا سامان اٹھا لیا

مسلح افراد کا بیوہ کی اراضی پر قبضہ‘توڑ پھوڑ‘ لاکھوں کا سامان اٹھا لیا

عدالتی حکم پر سابق تحصیل ناظم کی بیوہ، بیٹے ،منشی و دیگرنامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلح افراد کا بیوہ کی اراضی پر قبضہ،توڑ پھوڑ، لاکھوں روپے کا سامان اٹھا لیا،عدالتی حکم پر سابق تحصیل ناظم کی بیوہ، بیٹے ،منشی و دیگرنامعلوم ملزموں کیخلاف مقدمہ درج۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سنانواں کے علاقہ موضع پتی غلام علی غربی میں ضعیف العمر بیوہ بھانواں مائی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی وراثتی 57 کنال 13 مرلہ زرعی اراضی پر مبینہ طور پر مسلح افراد نے زبردستی قبضہ کرتے ہوئے تعمیراتی سامان اٹھا لیا، 21اگست 2024کی صبح وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ زمین پر موجود تھی کہ اس دوران ویگو ڈالہ اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر سوار مسلح افراد موقع پر پہنچے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر خوف و ہراس پھیلایا اورزبردستی سامان اٹھانا شروع کر دیا۔ایف آئی آرکے مطابق ملزموں میں سابق تحصیل ناظم مرحوم رفیق کھر کی بیوہ،اس کا بیٹا علی رضاکھر،ایک منشی ودیگر افراد کے علاوہ 15 سے 20 نامعلوم افراد شامل تھے جنہوں نے مبینہ طور پر سولر سسٹم، آہنی کیبن، اینٹیں، چارپائیاں، بستر، زرعی آلات، پانی کا پمپ،کیبل، ترپالیں،کپڑے ،آٹا،ڈرم اور دیگر سامان اٹھالیااور تعمیرشدہ کمرہ بھی مسمار کر دیا، مجموعی مالیت10 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے ،ملزموں نے فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے سامان ٹرالیوں میں لوڈ کیا اور فرار ہو گئے۔ ، بعد ازاں راضی نامہ سے بھی انکار کر دیا ۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر عدالت (جسٹس آف پیس) کے حکم کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 379کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں