کوٹ ادو:لاکھوں کی وارداتیں‘ شہری مال وزر سے محروم
موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فونز، سولر پلیٹس، موٹر اور بجلی کی تاریں چوری
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر اور گردونواح میں چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا، مختلف تھانوں کی حدود میں پیش آنے والے واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقہ واپڈا کالونی میں سلیم سجاد کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی جبکہ وارڈ نمبر 14 اے میں ایک گھر سے آہنی ٹرنک میں موجود 10 ہزار 500 روپے نقدی اور 10 سوٹ چرا لیے گئے ۔تھانہ صدر کوٹ ادو کے علاقہ ایل ایم بی بند کے قریب ملزمان جہانگیر اور محمد ثقلین نے اسلحہ کے زور پر شہریوں کو روک کر تشدد کیا اور موبائل فون چھین لیا۔ اسی تھانے کی حدود تونسہ موڑ کے قریب نامعلوم افراد موبائل شاپ کی چھت توڑ کر اندر داخل ہوئے اور تقریباً 25 موبائل فون اور 60 ہزار روپے نقدی لے گئے ۔تھانہ سنانواں کے علاقہ موضع لعل میر میں آٹا چکی سے 20 ہارس پاور موٹر، پانچ سولر پلیٹس اور گندم بھی چوری کر لی گئی جبکہ ٹبی مشوری والا میں بجلی کی تاریں چرا لی گئیں۔پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔