خانیوال میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز
ملیحہ رشید نے بچوں کو قطرے پلا کر افتتاح کیا، 6لاکھ 14ہزار 554بچے ہدف
خانیوال،جہانیاں(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی چار روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے تحصیل جہانیاں کی خانہ بدوش بستی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ ضلع بھر میں یہ مہم 13اپریل سے 16اپریل 2026تک جاری رہے گی جس کے دوران 6لاکھ 14ہزار 554 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر مہم میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2572 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلائیں گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پنجاب کو پولیو فری بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے ۔افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں اور سی ای او ہیلتھ سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔