جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم
سی پی او کی زیر صدارت اجلاس امن و امان، اشتہاریوں کیخلاف مہم پر گفتگو
ملتان (کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی امن و امان کی صورتحال، اشتہاری ملزموں کی گرفتاری، پرفارمنس انڈیکیٹرز اور زیر التوا چالان سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد طاہر، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ سی پی او نے پولیس کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی روک تھام اور عوامی شکایات کے ازالے پر تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاری ملزموں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اور ان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر معاشرے کیلئے خطرہ ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔اجلاس میں بروقت چالان عدالتوں میں جمع کرانے اور قانونی امور بہتر انداز میں انجام دینے پر بھی زور دیا گیا۔ سی پی او نے افسروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔اور منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور ڈکیت گینگز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔