بابا شاہ ابراہیم کے عرس پر روایتی گھوڑا ڈانس مقابلے
ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کا دلکش رقص ، شائقین کا جوش و خروش،نوٹ نچھاور
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) چک نمبر 24 ڈبلیو بی میں صوفی بزرگ بابا شاہ ابراہیم کے سالانہ میلے کے موقع پر روایتی گھوڑا ڈانس کے شاندار مظاہرے کیے گئے جس میں مختلف شہروں سے آئے ماہر سواروں نے حصہ لیا۔ ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں نے دلکش رقص کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔میلے میں برقی قمقموں کی روشنی میں گھوڑا ڈانس مقابلوں نے خاص توجہ حاصل کی۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے تربیت یافتہ گھوڑوں اور سواروں نے اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔سواروں نے گھوڑوں کی رفتار، تال میل اور حرکات پر مکمل کنٹرول کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی جسے شائقین نے بھرپور سراہا۔ ہر بہترین مظاہرے پر تماشائیوں نے تالیاں بجا کر داد دی جبکہ مہمانوں کی جانب سے نوٹ بھی نچھاور کیے گئے ۔منتظمین نے کہا کہ گھوڑا ڈانس ہماری ثقافتی پہچان ہے جو نئی نسل کو روایات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔