خان گڑھ، گورنمنٹ ہائی سکول کے قریب گلی تالاب میں تبدیل
نکاسی آب نہ ہونے سے شدید مشکلات،بستی کلاں کے مکین سراپا احتجاج
خان گڑھ (سٹی رپورٹر) بستی کلاں میں گورنمنٹ ہائی سکول کے قریب ویٹرنری ہسپتال والی گلی عرصہ دراز سے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے جس کے باعث اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کے مطابق گلی میں کھڑا گندا پانی آمد و رفت میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے جبکہ سکول آنے جانے والے طلباء و طالبات بھی شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال میونسپل کمیٹی خان گڑھ کی غفلت اور ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے کیونکہ نکاسی آب کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں اور متعلقہ عملہ مکمل طور پر لاپرواہ ہے ۔ روزانہ اس گلی سے گزرنا شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں رہا۔مزید برآں کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جو صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ فوری نکاسی آب کا بندوبست، گلی کی صفائی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔