وجھیانوالہ میں ریسکیو 1122 سب آفس کا افتتاح

وجھیانوالہ میں ریسکیو 1122 سب آفس کا افتتاح

درجنوں چکوک کو فوری امدادی سہولت میسر آئے گی، رانا بابر حسین کی گفتگو

میاں چنوں، چھب کلاں (نامہ نگار)میاں چنوں کے نواحی علاقہ وجھیانوالہ میں ریسکیو 1122 کے سب آفس کا قیام عمل میں آ گیا جس کا باقاعدہ افتتاح ممبر صوبائی اسمبلی رانا بابر حسین، حاجی جمعہ خان، رانا اشفاق احمد، ضلعی ترجمان مسلم لیگ ن غلام شبیر ساقی، چیئرمین مہر عمر دراز وجھی، مہر محمد اسماعیل وجھی اور خان رضا خان نے مشترکہ طور پر کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا بابر حسین نے کہا کہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی منظوری سے قائم ہونے والا یہ سب سٹیشن وجھیانوالہ اور گرد و نواح کے درجنوں چکوک کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ریسکیو سروسز کی بہتری اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ غلام شبیر ساقی نے اپنے خطاب میں اس منصوبے کو علاقہ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔تقریب میں معززین علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقائی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں