کرپشن ختم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، سرور چودھری
رشوت اور اقربا پروری ملکی زوال کی بڑی وجہ،شفاف نظام ، کڑے احتساب کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) مرکزی انجمن تاجران و سول سوسائٹی کے چیئرمین ایم سرور چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی ترقی اور خوشحالی کے لیے کرپشن کے نظام کا خاتمہ ناگزیر ہے اور شفافیت کو فروغ دینا ہوگا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ناسور ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکا ہے جو معیشت کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی اور میرٹ کی بالادستی کو بھی متاثر کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک رشوت ستانی اور اقربا پروری کا خاتمہ نہیں کیا جاتا عام آدمی کو اس کا حق نہیں مل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر کڑا احتساب اور شفاف نظام نافذ کیا جائے تاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے ۔ایم سرور چودھری نے مزید کہا کہ میرٹ کا قتل اور کرپشن کا فروغ کسی بھی ریاست کے زوال کا سبب بنتے ہیں، اس لیے وقت آ گیا ہے کہ دیانت داری کو فروغ دے کر ایک مضبوط اور مستحکم نظام قائم کیا جائے ۔