جعلی دستاویزات پر کنکشنز، زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو سرکل مظفرگڑھ محمد وسیم اختر نے کوٹ ادو ڈویژن کے ایک اہلکار کو بدعنوانی کے الزام میں معطل کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق میپکو آپریشن ڈویژن کوٹ ادو میں تعینات لوئر ڈویژنل کلرک/سی ایس ایل بشیر رحمان کو فوری طور پر معطل کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سی ایس ایل اکاؤنٹ کے ذریعے جعلی جائیداد دستاویزات کی بنیاد پر نئے بجلی کنکشنز کی پروسیسنگ کی، جو ادارہ جاتی قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر نے کہا کہ ادارے میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔اور کسی اہلکار کو قواعد کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معطلی کے دوران اہلکار کو قواعد کے مطابق الاؤنس دیا جائے گا جبکہ اسے روزانہ حاضری کے لئے میپکو سرکل آفس مظفرگڑھ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے کنکشنز کے اجرا میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو بہتر اور منصفانہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔