ادویات کی قیمتوں میں اضافہ پریشان کن ، فیصل رحمان
ادویہ ساز کمپنیاں من مانے نرخ مقرر کررہیں،کنٹرول کا کوئی نظام نہیں
ملتان (لیڈی رپورٹر) ہول سیل کیمسٹ کونسل ملتان کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فیصل رحمان نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے جس سے تاجر برادری اور شہری شدید پریشانی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات عام آدمی کی دسترس سے دور ہوتی جا رہی ہیں جبکہ ادویہ ساز کمپنیوں نے من مانے نرخوں پر فروخت شروع کر رکھی ہے اور ان کو کنٹرول کرنے والا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ اس بحران پر فوری قابو پایا جائے ، بصورت دیگر مریض مہنگی ادویات اور قلت کے باعث مزید مشکلات کا شکار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل آلات خصوصاً سرنج، آئی وی سیٹ، آئی وی کینولا اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جسے واپس لیا جانا چاہئے ۔شیخ فیصل رحمان نے کہا کہ جب تیل کی قیمتیں کم ہو چکی ہیں تو ٹرانسپورٹرز بھی کرایوں میں کمی کریں تاکہ اشیاء کی ترسیل سستے داموں ممکن ہو سکے اور عوام پر بوجھ کم ہو۔ انہوں نے تاجر برادری اور ادویہ ساز کمپنیوں سے بھی اپیل کی کہ قیمتوں کو کم سے کم سطح پر لایا جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان مارکیٹ میں نایاب ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنائے ۔ ہول سیل کیمسٹ کونسل ملتان ہمیشہ تاجر برادری کے جائز حقوق اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔