خدمتِ انسانیت عبادت کی معراج : رضوانہ تبسم درانی
ملتان (لیڈی رپورٹر)معروف سماجی شخصیت، شاعرہ رضوانہ تبسم درانی نے کہا ہے کہ خدمتِ انسانیت دراصل عبادت کی معراج ہے اور وہ اس نیک مشن کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت حقوق العباد کی بہترین ادائیگی ہے اور اسی مقصد کے لئے مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پسماندہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے سینکڑوں ہینڈ پمپس اور نلکے نصب کئے گئے ہیں۔ سیلاب کے دوران تونسہ شریف میں 300 سے زائد اور سندھ کے مختلف اضلاع میں 121 سے زائد ہینڈ پمپس لگائے گئے جبکہ متاثرین کی بحالی میں بھی بھرپور کردار ادا کیا گیا۔رضوانہ تبسم درانی نے کہا کہ ان کی تنظیم بیواؤں، یتیموں اور مستحق افراد کی مدد کو ترجیح دیتی ہے ، جس کے تحت سلائی مشینیں اور مالی معاونت فراہم کی گئی تاکہ خواتین اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکیں۔