ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دفتر منتقل کیا جائے ، انجمن تاجران

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دفتر منتقل کیا جائے ، انجمن تاجران

آتشزدگی واقعہ میں تنگ سڑک کے سبب گاڑیاں پہنچنے میں دشواری ہوئی

ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ کے زیر اہتمام صدر مہر محمد شاکر حسین کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تاجروں نے فائر بریگیڈ اسٹیشن ٹمبر مارکیٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر اور بھاری گاڑیوں کی موجودگی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مہر محمد شاکر حسین نے کہا کہ حساس مقام پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دفتر قائم ہونے سے سڑک سکڑ گئی ہے اور بھاری ٹرکوں کی وجہ سے ایمرجنسی کی صورت میں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ آتشزدگی کے واقعے میں بروقت راستہ نہ ملنے سے فائر بریگیڈ تاخیر کا شکار ہوئی جس سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر، کمشنر ملتان اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر دفتر اور گاڑیاں متبادل جگہ منتقل کی جائیں تاکہ ہنگامی سروسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن کو جدید مشینری اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور کم از کم دو گاڑیاں مستقل موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کچرے اور ٹرکوں کے باعث تعفن پھیل رہا ہے جس سے مسجد آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے ۔احتجاج میں چودھری سرور، قمر زمان خان وزیر، شیخ طاہر، مہران قریشی، اختر عباسی اور دیگر تاجروں نے شرکت کی جبکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ بڑھانے کی وارننگ دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں