ملتان:مڈل امتحانات، پورٹل میں نئی سہولیات شامل
ڈیٹا درستگی، شفافیت اور ادائیگی نظام بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں آٹھویں جماعت کے امتحانات 2026 کے لئے کلسٹر مینجمنٹ پورٹل میں نئی اور اہم سہولیات شامل کر دی گئی ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن، کرکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پی سی ٹی اے اے ) کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ڈیٹا کی درستگی اور نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے ۔جاری احکامات کے مطابق ضلعی تعلیمی حکام اب اپنے اضلاع میں تعینات عملے کی تفصیلات خود اپ ڈیٹ کر سکیں گے جس سے تقرری ریکارڈ کو درست رکھنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ پورٹل پر بینک اکاؤنٹ کی معلومات درج اور اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ امتحانی عملے کو ادائیگیاں بینکنگ نظام کے ذریعے بروقت اور شفاف انداز میں کی جا سکیں۔مزید برآں ڈی ای ایز طلبہ کی اسناد جن میں نام، والد کا نام اور تاریخ پیدائش شامل ہے ، میں بھی ضروری ترامیم کر سکیں گے تاکہ طلبہ کا ریکارڈ درست اور مکمل رہے ۔پی سی ٹی اے اے حکام نے تمام سی ای اوز اور ڈی ای ایز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیٹا کو فوری اور درست طریقے سے اپ ڈیٹ کریں۔ یہ اقدام امتحانی نظام میں شفافیت اور مالیاتی ہم آہنگی کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے ۔