ترقی کیلئے خواتین کی معاشی شرکت بڑھانا ناگزیر،مقررین
اپوا کے زیر اہتمام رنگا رنگ ثقافتی میلہ، خواتین کی بھرپور شرکت
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن (اپواء)ملتان میں ایف ڈی او کے اشتراک سے خواتین کی معاشی خودمختاری اور سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی کے فروغ کے لئے رنگا رنگ ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا۔ میلے کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کی معاشی شرکت بڑھانا اور معاشرتی سطح پر ان کے کردار کو مستحکم کرنا تھا۔میلے میں اپواء سمیت مختلف ہنر مند خواتین نے اپنی تیار کردہ مصنوعات کے خوبصورت سٹالز لگائے جنہیں شرکا نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر مظفر آباد سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے خواتین کی معاشی ترقی سے متعلق معلوماتی تھیٹر پیش کیا گیا جبکہ ثقافتی ٹیبلو نے حاضرین کو محظوظ کیا۔تقریب میں سرکاری اداروں کی خواتین افسر، سماجی کارکنان اور شہری خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ جنرل سیکرٹری اپواء نازیہ یاسر، طاہرہ نجم اور زہرہ سجاد زیدی نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری گھریلو اور قومی معیشت کی بہتری کے لئے ناگزیر ہے اور انہیں ہنر و مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انچارج ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر سمیرا ستار نے کہا کہ خواتین کا کردار معیشت، گھریلو زندگی اور سماجی ترقی میں اہم ہے ۔ آمنہ وحید او ارم فہیم نے بھی خواتین کی معاشی شمولیت بڑھانے اور رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔تقریب کے دوران کرن، یاسمین اور شہباز اعوان نے اپنی کامیابی کی حقیقی کہانیاں بیان کیں، جنہوں نے دیگر خواتین کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث بنیں۔