ہیڈ سائفن پر ڈوبنے والے نوجوان کی چار روز بعد لاش برآمد
ضروری کارروائی کے بعد مدثر کی لاش ورثا ء کے حوالے ، علاقے کی فضا سوگوار
وہاڑی، میلسی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا) ہیڈ سائفن کے مقام پر دریا میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش چار روزہ مسلسل ریسکیو آپریشن کے بعد نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی گئی جس کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے طارق آباد کا رہائشی محمد مدثر اپنے دوست کی بارات کے ہمراہ میلسی آیا تھا اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیڈ سائفن پر سیر و تفریح میں مصروف تھا۔ اسی دوران دریا کے کنارے سیلفی لیتے ہوئے اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا جس کے باعث گہرے پانی میں جا گرا اور نظروں سے اوجھل ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے چار روز تک مختلف مقامات پر تلاش جاری رکھی تاہم ابتدائی دنوں میں کامیابی نہ مل سکی۔گزشتہ روز مسلسل کوششوں کے بعد نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی گئی جسے قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات مؤثر بنائے جائیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔