میپکو مانیٹرنگ نظام فعال بنانے کا فیصلہ
نئے بجلی کنکشنز کی تنصیب، نیٹ میٹرنگ کیسز کی پراسیسنگ، اے ایم آئی بلنگ میں خامیوں کی اصلاح، موبائل میٹرریڈنگ کی درستگی ،فیلڈ فارمیشنز کی باقاعدہ انسپکشن یقینی بنائی جائیگی میٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ کے تحت سیزنل کنکشنز کی جانچ پڑتال، پیریاڈک چیکنگ ، واجبات کی بروقت وصولی کا عمل بھی سختی سے نافذ کیاجائے ،چیف ایگزیکٹو آفیسر گل محمد زاہد کی گفتگو
ملتان(خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوانجینئر گُل محمد زاہد نے کمرشل طریقہ کار کے مؤثر نفاذ اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کمرشل امور میں شفافیت، مؤثر مانیٹرنگ اور قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی ہی ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے ۔ میپکو کے تمام متعلقہ افسروں اور فیلڈ فارمیشنز کمرشل امور کی نگرانی اور عملدرآمد کو مزید مؤثر بنائیں۔ نئے بجلی کنکشنز کی تنصیب، نیٹ میٹرنگ کیسز کی پراسیسنگ، اے ایم آئی بلنگ میں پائی جانے والی خامیوں کی اصلاح، موبائل میٹرریڈنگ کی درستگی اور فیلڈ فارمیشنز کی باقاعدہ انسپکشن کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے ۔ میٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ کے تحت سیزنل کنکشنز کی جانچ پڑتال، پیریاڈک چیکنگ اور بعد ازاں واجبات کی بروقت وصولی کے عمل کو بھی سختی سے نافذ کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام آپریشن سرکلوں کے ڈپٹی کمرشل منیجرز اور میٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ (ایم اینڈٹی) فارمیشنز کے افسروں کے ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سی ای او میپکو نے ہدایت جاری کی کہ ڈپٹی کمرشل منیجرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل،ایکسین ایم اینڈ ٹی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں تمام نشاندہی شدہ بے ضابطگیوں اور خامیوں کو فوری طور پر درست کریں اور اس حوالے سے اصلاحی اقدامات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے ۔ نئے کنکشنز اور نیٹ میٹرنگ کیسز کی تکمیل نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنائی جائے ۔ایم اینڈ ٹی کی جانب سے رپورٹ کی جانے والی سست روی یا بے ضابطگیوں کو فوری طور پر دور کرنا متعلقہ افسروں کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئس فیکٹریز، فلور ملز، کولڈ سٹوریجز اور دیگر سیزنل صنعتوں کے کنکشنز کو ترجیحی بنیادوں پر چیک کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا میٹرنگ کے مسائل بروقت حل کئے جا سکیں۔