نصاب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی مضمون شامل کرنیکا فیصلہ، سلیبس کی تیاری

نصاب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی مضمون شامل کرنیکا فیصلہ، سلیبس کی تیاری

سلیبس کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، مستقبل کی ڈیجیٹل دنیا کیلئے تیار کرنا، نصاب کی اپ گریڈیشن، تدریسی طریقہ میں جدت لائی جارہی، حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک اتھارٹی (پیکٹا) کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید سلیبس تیار کئے جانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، جسے رواں تعلیمی سال میں باقاعدہ طور پر شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق اس نئے سلیبس کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں مستقبل کی ڈیجیٹل دنیا کے لئے تیار کرنا ہے ۔ اس ضمن میں نہ صرف نصاب کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے بلکہ تدریسی طریقہ کار میں بھی جدت لانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو بھی اس نئے سلیبس کے مطابق تیار کرنے کے لئے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران خصوصی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان ٹریننگ سیشنز میں اساتذہ کو اے آئی کے بنیادی تصورات، عملی استعمال اور جدید تدریسی تکنیکوں سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ طلبہ کو مؤثر انداز میں تعلیم دے سکیں۔تعلیمی ماہرین نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی جیسے جدید مضامین کی شمولیت سے طلبہ کی تخلیقی اور تجزیاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔واضح رہے کہ پیکٹا کی جانب سے نصاب میں یہ اہم تبدیلی تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں نمایاں ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں