چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران کے اعزاز میں استقبالیہ
مہنگائی، ٹیکسوں اور لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج، اتحاد پر زور
ملتان (لیڈی رپورٹر) انجمن تاجران چوک بازار کے زیر اہتمام بزرگ تاجر رہنما اور چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ ان کی چوک بازار آمد پر تاجروں نے پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ صدر انجمن تاجران چوک بازار معین الدین قریشی نے ان کی دستار بندی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد شفیق نے 7 اپریل کے احتجاج میں بھرپور شرکت پر تاجروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور فکسڈ ٹیکس نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور کاروباری بندش سے چھوٹا تاجر، مزدور اور کسان شدید متاثر ہیں۔ضلعی صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز شیخ طاہر امجد نے کہا کہ احتجاج کو ناکام بنانے کی کوششیں کی گئیں مگر تاجر متحد رہے ۔ مرزا اعجاز علی نے کہا کہ تاجر برادری کو تقسیم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور جدوجہد جاری رہے گی۔صدر انجمن تاجران چوک بازار معین الدین قریشی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ خواجہ محمد شفیق تاجروں کے حقیقی نمائندہ ہیں اور چوک بازار کے تاجر ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تقریب میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔