خان گڑھ :سیوریج لائن پھٹ گئی، عمارتوں کو شدید نقصان
میونسپل کمیٹی کی غفلت، گندا پانی لیک، شہریوں نے فوری مرمت کا مطالبہ کیا
خان گڑھ (سٹی رپورٹر ) میونسپل کمیٹی خان گڑھ کی مبینہ ناقص کارکردگی ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے ، جہاں برسوں پرانی بوسیدہ سیوریج کی مین لائن شاہ چوک میں پھٹنے سے انتہائی خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق خستہ حال سیوریج لائن شہر کی مرکزی شاہراہ پر پھٹ گئی ہے ، جس کے باعث گندا پانی مسلسل سڑک پر بہہ رہا ہے ۔ اس صورتحال سے قریبی عمارتوں کی بنیادیں کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔متاثرہ علاقے کے اطراف سینکڑوں رہائشی مکانات اور کمرشل مارکیٹس موجود ہیں۔ مقامی شہریوں کے مطابق شاہ چوک کو پہلے ہی خطرناک سڑک کے طور پر جانا جاتا ہے ، جہاں ٹریفک کا دباؤ اور ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے ۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کی غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے فوری نوٹس اور ہنگامی بنیادوں پر مرمت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے ۔