چائلڈ پروٹیکشن معاہدے میں توسیع، تحفظ کیلئے اقدامات تیز
ادارہ جاتی تعاون ، کمیونٹی سطح پر بچوں کو تشدد اور استحصال سے بچانے پر زور
ملتان (لیڈی رپورٹر) چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو اور سانجھ پریت آرگنائزیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت میں توسیع کر دی گئی ہے ، جسے بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ معاہدے کے تحت ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ کمیونٹی سطح پر مربوط اور پائیدار اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔چیئرپرسن سارہ احمد اور سی ای او پرویز اختر نے معاہدے پر دستخط کے بعد کہا کہ شراکت داری کا مقصد بچوں کو تشدد، استحصال، غفلت اور بدسلوکی سے محفوظ رکھنا ہے ۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں کے تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ کمیونٹی اور سول سوسائٹی کا کردار بھی ناگزیر ہے ۔واضح رہے کہ سانجھ پریت آرگنائزیشن یونیسیف کے تعاون سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن منصوبے پر کام کر رہی ہے۔