پٹواری پر چالیس لاکھ ہتھیانے کا الزام، متاثرہ شہری کا احتجاج

پٹواری پر چالیس لاکھ ہتھیانے کا الزام، متاثرہ شہری کا احتجاج

بیس کے بجائے صرف تین کنال کاانتقال کیا اور بقایا رقم واپس کرنے سے انکاریوزیر اعلیٰ ،ڈی جی اینٹی کرپشن اور چیف سیکرٹری کارروائی کریں، متاثرہ شاہد یاسین

ملتان (کرائم رپورٹر) ڈاکخانہ بصیرہ ضلع مظفر گڑھ کے رہائشی شاہد یاسین ولد غلام یاسین نے الزام عائد کیا ہے کہ پٹواری حسن محمود نے زمین کا انتقال کرنے کی مد میں میرے والد سے چالیس لاکھ روپے ہتھیا لئے ،پٹواری حسن محمود جو سابق ایم پی اے رائے منصب کا دامادہے ، اب پیسے واپس دینے سے انکاری ہے اور دھمکیاں دے رہا ہے ، ہم 45 سال سے زمین پر رہائش پذیر ہیں ،پٹواری حسن محمود میرے والد کے پاس آیا اور کہا کہ حکومت کی طرف سے زمین نام کرنے کا آرڈر آیا ہے ،فوری زمین نام کرالیں ورنہ بعد میں پریشانی ہوگی جس پر پٹواری نے میرے والد سے چالیس لاکھ روپے کا تقاضا کیا ،میرے والد غلام یاسین نے جانور بیچ کر اور ادھار لے کر چالیس لاکھ روپے پورے کئے اور پٹواری کو گواہان کی موجودگی میں دئیے مگر پٹواری نے 20 کنال کی جگہ صرف تین کنال کا انتقال کیا اور دھوکا دہی کی اور اب پیسے واپس کرنے سے بھی انکاری ہے ۔شاہد یاسین نے مزید بتایا پٹواری کے خلاف مریم نواز کمپلینٹ سیل میں درخواست دی جو ڈی سی مظفر گڑھ کو مارک ہوئی ۔اینٹی کرپشن کو بھی درخواستیں ہیں مگر پٹواری جو سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتا ہے ،اس کے خلاف کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔شا ہد یاسین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز ،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے پٹواری کے خلاف کاروائی اور رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں