ملتان میں سیوریج منصوبوں پر کام تیز، واسا متحرک
نشتر روڈ پر نئی لائن بچھانے کا کام جاری، معیار یقینی بنانے کی ہدایت
ملتان (وقائع نگار خصوصی)معیاری سیوریج، صاف پنجاب پروگرام کے تحت ملتان میں سیوریج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت جاری سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے واسا ملتان متحرک ہے ۔قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر واسا ذیشان شوکت گوندل نے نشتر روڈ پر جاری سیوریج منصوبے کی ورکنگ سائٹ کا دورہ کیا اور کام کی رفتار، معیار اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا محمد اکرام نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نشتر روڈ پر 24 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے ، جس کی مجموعی لمبائی 3 ہزار فٹ سے زائد ہے ۔ اب تک 1100 فٹ سے زائد لائن بچھائی جا چکی ہے جبکہ باقی کام تیزی سے جاری ہے ۔ایم ڈی واسا نے کنٹریکٹر اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کام کی رفتار مزید تیز اور معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ شفٹس میں کام جاری رکھا جائے تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے ۔انہوں نے حفاظتی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سائٹس پر سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ملتان میں سیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔