تھانہ گلگشت :مبینہ ٹاؤٹ مافیاکا راج، شکایات میں اضافہ
منشیات فروشوں سے منتھلیوں ،سائلین سے ناروا سلوک پر نوٹس کا مطالبہ
ملتان (سٹاف رپورٹر)تھانہ گلگشت میں مبینہ طور پر ٹاؤٹ مافیا کے راج اور منشیات فروشوں سے منتھلیاں وصول کرنے کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جس پر شہریوں اور تاجروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانے میں سائلین کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا ہے جبکہ بعض افراد تھانے میں سائلین کو ڈیل کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، جس سے نظام انصاف پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ گلگشت میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں سے منتھلیاں لے کر افسروں تک پہنچانے کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں، تاہم متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف متعدد شکایات کے باوجود انہیں تبدیل نہیں کیا گیا۔ شہریوں کے مطابق سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو کر سرگرم ہیں اور تھانے کے چکر لگاتے ہیں۔ تاجر برادری نے علاقے میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرائم میں اضافہ اور مبینہ بدعنوانی نے کاروباری ماحول متاثر کر دیا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور تھانے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔