ایچ ای سی کا ملک بھرمیں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع
طلبہ کیلئے سکالرشپس، بین الاقوامی مقابلوں اور مفت تعلیم کے مواقع
ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت نوجوان طلبہ کے درمیان سائنس پر مبنی مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت طلبہ کی نشاندہی کر کے انہیں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے ۔ کامیاب طلبہ کو مکمل فنڈڈ ٹریننگ دی جائے گی جبکہ انہیں بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈ میں شرکت کا موقع بھی حاصل ہوگا۔مزید بتایا گیا ہے کہ منتخب طلبہ کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اور انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی میں بغیر داخلہ ٹیسٹ مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ فیس میں 100فیصد تک چھوٹ، ماہانہ سکالرشپس اور 5لاکھ روپے سے زائد انعامات بھی دیئے جائیں گے ۔ایچ ای سی حکام کے مطابق یہ پروگرام ملک میں سائنسی تحقیق اور جدید تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔