سیلاب سے بچاؤ ، تمام ادارے فیلڈ میں موجود رہیں ـ :کمشنر
شرمپ فارمنگ منصوبہ روزگار ، معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا
مظفرگڑھ ( سٹی رپورٹر ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ بند چندر بھان اور رکھ عالی والی میں قائم شرمپ فارم کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر نے فلڈ بند چندر بھان کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بند کی مضبوطی، جاری مرمتی کاموں، پشتوں کی حالت اور مشینری کی دستیابی کا معائنہ کیا۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ادارے مکمل تیاری کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں۔ اس موقع پر کمشنر کو فلڈ مینجمنٹ پلان، حساس مقامات اور ہنگامی ریسپانس اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ریسکیو، آبپاشی، ریونیو اور دیگر محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ بعد ازاں کمشنر نے شرمپ فارم کا دورہ کیا اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شرمپ فارمنگ منصوبہ روزگار اور معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی تحفظ اور فوری ریلیف کو اولین ترجیح قرار دیا۔