ملتان:نصابی کتب کی شدید قلت، طلبہ پریشان

 ملتان:نصابی کتب کی شدید قلت، طلبہ پریشان

سرکاری سکولوں کے ہزاروں طلبہ بک بینک سے ملنے والی پرانی کتابیں پڑھنے پر مجبور

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان سمیت صوبہ پنجاب میں سرکاری سکولوں کے ہزاروں طلباء بک بینک سے ملنے والی پرانی اور استعمال شدہ کتابوں پر گزارا کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، جس پر طلباء اور اساتذہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چوتھی اور پانچویں جماعت کے تقریباً 20 فیصد طلباء کو پرانی کتابیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ چھٹی سے نویں جماعت کے 50 فیصد طلباء بھی نئی کتابوں سے محروم ہیں اور انہیں سابقہ استعمال شدہ کتب پر ہی انحصار کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں زیر تعلیم ایک کروڑ سے زائد طلباء کے لئے تقریباً تین کروڑ کتابیں شائع کی گئی ہیں، جس کے تحت اوسطاً ہر طالبعلم کو تین کتابیں ہی مل پا رہی ہیں، جو تعلیمی ضروریات کے لئے ناکافی قرار دی جا رہی ہیں۔طلباء نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرانی اور خستہ حال کتابیں ان کے سیکھنے کے عمل پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔ پھٹی اور استعمال شدہ کتابیں تعلیمی دلچسپی کو کم کرتی ہیں۔ طلباء نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں تمام طلباء کو سو فیصد نئی کتابیں فراہم کی جائیں۔دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کرنے کے بجائے کمی کر رہی ہے ، جس کے باعث ایسے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ یونین کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے تیسری جماعت تک تمام طلباء کو سو فیصد مفت نئی کتابیں فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے لیے 80 فیصد اور چھٹی سے نویں جماعت تک صرف 50 فیصد طلباء کو نئی کتابیں دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں