خانیوال، شانتی نگر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

خانیوال، شانتی نگر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

غیر قانونی دکانیں اور تعمیرات مسمار، شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کا عزم

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)شانتی نگر میں تجاوزات کے خلاف انچارج انسپکٹر اسد کی نگرانی میں بڑا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر قائم دکانیں اور نئی تعمیر شدہ دیواریں ہیوی مشینری کی مدد سے مسمار کر دی گئیں۔انسپکٹر اسد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت غیر قانونی قبضہ اور تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد نے سرکاری زمین یا سڑکوں پر ناجائز تعمیرات کر رکھی ہیں وہ خود ہٹا لیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہی کو مسمار کیا جائے گا اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے ۔علاقہ مکینوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں