مظفرگڑھ پیرا فورس کا آپریشن، غیرقانونی ٹیکسی سٹینڈ ختم

مظفرگڑھ پیرا فورس کا آپریشن، غیرقانونی ٹیکسی سٹینڈ ختم

کچہری چوک کے قریب تجاوزات کا صفایا، مزاحمت پر 9 افراد کیخلاف مقدمہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )پیرا فورس نے دبنگ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ٹیکسی اسٹینڈ کا خاتمہ کر دیا اور مزاحمت کرنے والے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر کی گئی۔مظفرگڑھ میں شارع عام پر قبضے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کچہری چوک نیشنل بینک کے سامنے فیاض پارک سے ملحقہ فٹ پاتھ پر عرصہ دراز سے قائم غیر قانونی ٹیکسی اسٹینڈ ختم کر دیا گیا۔ایس ڈی ای او پیرا فورس حافظ خورشید احمد کی قیادت میں ہونے والی کارروائی کے دوران ٹیکسی اسٹینڈ مافیا کی جانب سے مزاحمت، دھمکیوں اور بدکلامی کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم پیرا فورس نے موقع پر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا۔کارروائی کے دوران مزاحمت اور سرکاری امور میں مداخلت پر جن افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ان میں غلام یاسین، سعید احمد، جاوید حسین، محمد عاصم، شاہ زیب اختر، زیشان، سلیم، محمد شبیر اور نذیر احمد شامل ہیں۔پیرا فورس کے 1/26 انفورسمنٹ اسٹیشن سے اپنے پلیٹ فارم پر مقدمات کے اندراج کا یہ پہلا باقاعدہ کیس قرار دیا جا رہا ہے ، جسے ادارے کی فعالیت اور مؤثر قانون نافذ کرنے کے نظام کی اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے ۔شہریوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہر میں تجاوزات اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں