بے نظیر تعلیمی وظائف کی رجسٹریشن کیلئے شرائط جاری

بے نظیر تعلیمی وظائف کی رجسٹریشن کیلئے شرائط جاری

عمر کی حد، دستاویزات اور عملدرآمد کا طریقہ واضح کر دیا گیا ،حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف میں شمولیت کی شرائط، عمر کی حد اور رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے ۔پروگرام کے مطابق طلبہ کی والدہ کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اہل ہونا لازمی شرط ہے ، جبکہ بچے کا نادرا سے جاری کردہ ب فارم بھی ضروری قرار دیا گیا ہے ۔عمر کی حد کے مطابق پرائمری کلاسز کے لئے 4 سے 12 سال، مڈل اور سیکنڈری کے لئے 13 سے 18 سال جبکہ بالائی ثانوی (ہائر سیکنڈری) کے لئے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے ۔ہدایات کے مطابق پہلے سے رجسٹرڈ بچوں کے والدین قریبی بی آئی ایس پی دفتر جائیں، جہاں بچے کا ب فارم اور رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کیا جائے گا۔ متعلقہ افسر کی جانب سے انرولمنٹ سلپ جاری کی جائے گی۔یہ سلپ سکول سے تصدیق کروا کر کلاس ٹیچر اور ہیڈ ٹیچر کے کوڈ درج کروانا لازم ہوگا، جس کے بعد مکمل شدہ سلپ دفتر میں جمع کروانے پر وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔پرائمری سطح پر بچوں کو 3000 روپے کا خصوصی وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ سکول میں کم از کم 70 فیصد حاضری لازمی قرار دی گئی ہے ۔پروگرام کے مطابق اگر بچہ سکول تبدیل کرے تو فوری طور پر بی آئی ایس پی کو آگاہ کرنا ضروری ہوگا، بصورت دیگر وظیفہ متاثر ہو سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں