مظفرگڑھ میں ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنیکی ہدایت
کمشنر ڈیرہ کا دورہ، سہولت سنٹر، ای لائبریری، صفائی مہم ، جاری سکیموں کا جائزہ
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا، جاری ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فیصل سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام، ای لائبریری، مین بازار کی تزئین و آرائش، ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم سہولت سنٹر، زیر تعمیر منصوبوں اور’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی سمیت دیگر افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اے ڈی سی فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے کمشنر کو مختلف منصوبوں کی پیشرفت، معیار اور بروقت تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر اشفاق احمد نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں ، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ،فلاحی منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی ویژن کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے ڈی سی آفس سہولت سنٹر میں ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم کے ہیلپ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا پہلی ترجیح ہے ۔ڈی سی عثمان طاہر نے بریفنگ دی کہ ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔