تعلیم ترقی کی بنیاد، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ،عامر کریم
پنجاب کالج کنال کیمپس بوریوالا کانووکیشن سے خطاب، اسناد اور میڈلز تقسیم
بوریوالا(سٹی رپورٹر)بورے والا میں پنجاب کالج کنال کیمپس کی سالانہ کانووکیشن تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر ملتان رانا عامر کریم خاں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی جدید علوم کے بغیر ممکن نہیں اور آج کی نوجوان نسل ملک کا روشن مستقبل ہے جسے معیاری تعلیم اور بہتر رہنمائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اختیارات کو سہولت کے بجائے ذمہ داری سمجھیں کیونکہ ذمہ داری کا احساس ہی حقیقی کارکردگی کو جنم دیتا ہے ، فرض سے غفلت برتنے والے افراد قوموں کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں، جبکہ ذمہ دار معاشرے ہی کامیابی کی طرف بڑھتے ہیں۔تقریب کے دوران کمشنر ملتان نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات، پوزیشن ہولڈرز اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں شیلڈز، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی محنت کو سراہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر مجید اکبر نے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر کرامت علی شکیل اور پروفیسر غزالہ خضر نے انجام دئیے ۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر، طبی، تعلیمی، سماجی اور وکلا برادری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی جنہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔