ضلعی ہسپتال لودھراں میں طبی سہولتیں یقینی بنانے کی ہدایت
ڈی سی کا دورہ، مریضوں کو بروقت علاج اور ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا
لودھراں (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال لودھراں کا دورہ کر کے طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز سمیت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ سنٹر اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہیلتھ فیسیلٹیز سنٹر میں مریضوں کی آمد کے طریقہ کار، علاج معالجہ، مشینری کی فعالیت اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں سے بھی گفتگو کی اور ڈاکٹروں و سٹاف کے رویے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈاکٹروں اور سٹاف کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہر شہری کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کا چیک اپ ان کی باری کے مطابق کیا جائے اور پہلے آنیوالے مریضوں کو ترجیح دی جائے ۔ علاج معالجہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مریضوں کی تکالیف کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو یقین دلایا کہ انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رش کے باعث معاملات کو جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر وقت حاضر ہے ۔