مون سون سے قبل واسا ملتان کی تیاریوں میں تیزی

مون سون سے قبل واسا ملتان کی تیاریوں میں تیزی

مون سون سے قبل واسا ملتان کی تیاریوں میں تیزی سیوریج لائنوں، نالوں کی صفائی کا ٹاسک ، خصوصی ٹیمیں دن رات متحرک

ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہریوں کو بہتر نکاسی آب سہولیات کی فراہمی کیلئے واسا ملتان نے مون سون سیزن سے قبل تیاریاں تیز کر دیں۔ شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر وینچنگ مشینری کے ذریعے لائنوں کی مکمل صفائی بھی کی جا رہی ہے ۔مچھلی مارکیٹ میں 54 انچ قطر، چوک کمہاراں والا سے رشید آباد خانیوال روڈ پر 42 انچ قطر اور ملتان ایونیو روڈ پر 30 انچ قطر کی سیوریج لائنوں کی صفائی تیزی سے جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے ہدایت کی ہے کہ سیوریج سب ڈویژنوں کی سطح پر دن رات خصوصی ٹیمیں متحرک رہیں اور نکاسی آب کا نظام مکمل فعال رکھا جائے ۔ ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژن کو نالوں کی صفائی کا خصوصی ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ، ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز خود فیلڈ میں جا کر کام کا جائزہ لیں۔ ڈی سلٹنگ عملے کیلئے حفاظتی اقدامات کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سوموار کو مختلف علاقوں میں خصوصی آپریشن جاری رہا جبکہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی صفائی کا کام مکمل کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے طلب کی جائیں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ سیوریج لائنوں اور ڈرینز میں نہ پھینکیں۔ نکاسی آب سے متعلق شکایات آن لائن کمپلینٹ سیل نمبر 1334 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں